چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی اپیل پر ملک بھر کی جامع مساجد بشمول پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد سیلاب زدگان کے لئے خصوصی طور پر اجتماعی دعا ئیں کی گئیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سمیت اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کی کثیر تعداد نے خصوصی طور پر اجتماعی دعا میں شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم سے اپیل کی تھی کہ نمازجمعہ کے بعد حالیہ بارشوں کے روکنے کیلئے اللہ تبارک تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کی جائیں۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور بارشوں و سیلابی صورتحال کی وجہ سے بے شمار قیمتی جانی ومالی نقصانات ہوئے ہیں۔ محمد صادق سنجرانی نے مخیر حضرات سے سیلاب زدگان کیلئے امداد کی بھی اپیل کی تھی۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی اور اراکین سینیٹ کی جانب سے سیلاب زدگان کے ساتھ افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ محمد صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی نے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے اپنی دوماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔جبکہ اراکین سینیٹ کی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دی جائے گی اسی طرح سینیٹ سیکرٹریٹ کے گریڈ سولہ سے بائیس تک کے ملازمین کی تین دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے فراہم کی جائے گی